غذا انسانی جسم کے لئے بہت اہم ہے ۔
انسان اچھی اور صحت مند زندگی گزارنے کے لیے دن رات محنت کرتا ہے جبکہ ایک صحت بخش زندگی کے حصول کے لئے بہترین غذا کی ضرورت ہوتی ہے۔تندرست و توانا رہنے کے لیے ضروری ہے کہ غذائیت سے بھرپور خوراک کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنایا جائے ۔ بہتر جسمانی نشوونما کیلئے روزانہ کی بنیاد پر پانی ،پروٹین، کاربوہائیڈریٹس ،وٹامن اورمنرلز درکار ہوتے ہیں ۔
اچھی خوراک انسانی جسم کی ایک بنیادی ضرورت ہے۔ غذائی خوراک کا کردار صحت کی فروغ اور بیماری کی روک تھام میں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔تاہم یہ بات نہایت قابل ِ غور ہے کہ محض خوراک کی مقدار نہیں بلکہ معیار پر بھی خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔پاکستان جو کہ ایک ترقی پزیرملک ہے اس میں ایک سروے کے مطابق 59 فیصد لوگ غیر معیاری کھانا کھانے پر مجبور ہیں ۔غیر معیاری کھانے کی کھپت نے پاکستان میں عام عوام کی صحت سے متعلق ایک خوفناک صورتحال پیدا کردی ہے جس کی ممکنہ وجہ حفظان صحت اور فوڈ سیفٹی کی اہمیت کے بارے میں شعور کی کمی بھی ہے ۔صحت کے مسائل میں دن بدن اضافے کی وجہ سے اموات کی شرح میں بھی کافی حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔چونکہ ہمار ے یہاںخوراک کی تیاری کے دوران فوڈ سیفٹی کے اطلاق کیلئے کوئی سخت قواعد موجود نہیں تاہم ریسٹورنٹس میں کھانے کے رجحان اور فاسٹ فوڈ نے صحت کے متعلق سنگین مسائل کو جنم دیا ہے ۔ایک رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر 2.2ملین افراد) زیادہ تر بچے( سالانہ ہرسال غذا اور پانی سے پیداہونے والی بیماریوں سے موت کے گھاٹ اتر جاتے ہیں۔ کیوںہم میں سے ہر پانچواںفرد ہیپاٹائٹس یا الرجی میں مبتلا نظر آتا ہے؟ کیوں ہمارے ہسپتال ہر وقت مریضوں سے بھرے رہتے ہیں؟ ہمارے پاس مختصر زندگی کی امید کیوں ہے؟ یہ سب غیر جانبدار اور مضر صحت کھاناکھانے کا نتیجہ ہے جو ہم معمول کی بنیاد پر کھاتے ہیں، یا تو اپنے منہ کے ذائقے کے لیے یا مجبوری کے تحت۔پاکستان میںحفظان صحت اور صفائی کے مناسب انتظامات کی عدم موجودگی سب ہی فوڈ پوائنٹس کا ایک بڑا مسئلہ ہے۔ اس طرح کے فوڈ پوائنٹس پر فراہم کیا جانے والا کھانا حفظان صحت اور صفائی کے اصولوں کے مطابق نہیں ہوتا ۔فوڈ پوائنٹس پر برتنوں کا غیر مناسب طریقہ سے دھلنا، پینے کے قابل پانی کی عدم فراہمی ، غیرمعیاری گوشت اور سبزیوں کا استعمال ،ناقص تیل کا غیر معمولی مقدار میں استعمال جیسی وجوہات زندگی اور صحت کے ممکنہ خطرات کو فروغ دیتی ہیں۔
933