981

اساتذہ کرام کے نام جو زندگیاں بدلتے ہیں

اساتذہ کے نام
محترم المقام صدرمدرسہ!
”میر ے بیٹے کوبہت کچھ سیکھناہے،میں جانتاہوں کہ دنیا میں سبھی لوگ اچھے نہیں ہوتے سبھی لوگ راست گو نہیں ہوتے۔پھربھی اسے سکھائیں کہ ہربدمعاش کے توڑ کے لیے ایک ہیرو اور ہرخودغرض سیاست دان کے لیے ایک بے لوث اور مخلص رہنماہوتاہے آپ اسے بتائیں کہ جہاں دشمن ہوں وہاں دوست بھی ہوتے ہیں۔یہ بات دقت طلب ہے تاہم ممکن ہو تواسے یہ ذہن نشین کرائیں کہ اپنی محنت سے کمایاہواایک ڈالر بغیر محنت کے مل جانے والے پانچ ڈالر سے زیادہ قیمتی ہوتاہے۔ اسے یہ بھی سکھائیں کہ ہار قبول کرنے کاحوصلہ اور جیت سے لطف اندوز ہونے کاجذبہ پیداکرے۔ ممکن ہوتو اسے حسد سے بچائیں۔ اسے قہقہ لگاکرہنسنے کی افادیت سے آگاہ کریں اور ساتھ ہی ساتھ اسے فضاؤں میں پرفشاں پرندوں،دھوپ میں کلی کلی منڈلاتی شہد کی مکھیوں اور سرسبز پہاڑی ڈھلانوں پرجھومتے پھولوں جیسی فطرت کی رعنائیوں پر غورکرنے کاموقع دیں۔
اسے سکول میں اس حقیقت سے بھی روشناس کرائیں کہ نقل کرنے کی نسبت فیل ہوجانا ایک زیادہ باوقار عمل ہے۔اس میں لوگوں کی مخالفت کے باوجود اپنے نظریات پر قائم رہنے کی طاقت پیداکریں۔اسے اچھے لوگوں کے سامنے ابریشم کی طرح نرم او ر برے لوگوں کے سامنے کوہ گراں بن کرڈٹ جانے کادرس دیں۔میرے بیٹے کو یہ درس بھی دیں کہ وہ بھیڑ چال کاشکارنہ ہو۔اسے یہ تعلیم دیں کہ کسی کی بات سنے پھر ان باتوں کوسچائی کی کسوٹی پر پرکھے اور جواچھے پہلو سامنے آئیں انہیں اپنائے۔
اسے دکھوں میں مسکرانے کاسلیقہ سکھائیں۔اسے یہ بتائیں کہ آنسو باعث شرم نہیں ہوئے۔اسے سنکی مزاج لوگوں سے دور رہنے اور چکنی چپڑی باتیں کرنے والوں سے ہوشیار رہنے کی تلقین کریں۔ اسے یہ درس بھی دیں کہ اپنی ذہنی اورجسمانی صلاحیتیں بے شک مہنگے داموں بیچے مگر اپنے دل اورروح کاسوداکبھی نہ کرے اسے یہ تربیت دیں کہ نکتہ چینیوں کی پرواہ نہ کرے اور حق بات پر ڈٹارہے۔
اسے نرمی سے تعلیم دیں لیکن بہت زیادہ نرمی نہ برتیں کہ لوہاآگ میں پگھل کرہی فولادبنتاہے۔ اس کے اندر یہ جرات بھی پیداکریں کہ کبھی جلد بازی سے کام نہ لے۔لیکن صبر واستقامت کادامن بہرحال تھامے رکھے کہ یہی بہادر کی شان ہے۔ اسے اپنی ذات پر اعتمادکرناسکھائیں کیونکہ اگر وہ اپنی ذات پر اعتماد کرناسیکھ جائے گا توپھر اس میں انسانیت پر پختہ اعتماد رکھنے کی صلاحیت بھی پیداہوجائے گی۔
میں نے ا ٓپ کوبہت بڑافرض سونپ دیاہے امیدہے کہ آپ اس سلسلہ میں کچھ نہ کچھ ضرور کریں گے۔میرابیٹاابھی بہت چھوٹاہے۔“
ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے صدرابراہم لنکن نے اپنے بیٹے کی تعلیم وتربیت کے بارے میں اس کے سکول کے ہیڈماسٹر کوایک خط لکھاتھا۔ یہ خط طلبہ واساتذہ دونوں کے لیے بے حدمفید ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں